بالوں کو رنگ کرنے کے قدرتی طریقے

یہ بہت پرانی بات نہیں کہ جب بالوں کو رنگنے کا واحد طریقہ کیمیکل سے بنی ہیئر ڈائی ہی ہوا کرتی تھیں اور بڑی عمر کے لوگ سفید بالوں کو چھپانے کے لیے بالوں کو رنگا کرتے تھے۔ آج کل ہر عمر کے لوگ، نوجوان اور بوڑھے، مرد و عورت، فیشن کے طور پر بھی بالوں کو رنگتے ہیں اور یہ ایک معروف فیشن اسٹائل کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔


بالوں کے رنگنے کی بنیادی وجہ عموماً سفید بالوں کو چھپانا ہے، لیکن بالوں کے اصل رنگ کو بحال کرنے کے لیے بلیچنگ، اور بالوں کو تجرباتی طور پر دوسرے رنگ دینا بھی بالوں کو رنگ کرنے کی وجوہات ہیں۔ پہلے پہل بالوں کو رنگ کروانے کے لیے سیلون [حمام]  جانا یا کسی نائی کی خدمات لینا ضروری ہوتا تھا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ جدت اور تبدیلی کے آنے سے اب یہ سب گھر پر کرنا انتہائی آسان ہو چکا ہے۔ گھر پر بال رنگنے سے وقت اور پیسے، دونوں کی بچت ہوتی ہے۔ لیکن اس ہیئر ڈائی میں سب سے نقصان دہ چیز وہ کیمیکل ہیں جو آپ کی صحت کے لیے کسی نہ کسی صورت میں انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں ۔کچھ ہیئر کلرز میں گلوٹین موجود ہوتی ہے، جو کہ بعض افراد میں شدید قسم کی الرجی کا باعث بنتی ہے۔ علاوہ ازیں کیمیکل ہیئر کلرز کا مسلسل استعمال ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق مثانہ کے کینسر کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔ ان تمام خطرے کی علامات سے بچنے کے لیے ایک حل موجود ہے، اور وہ ہے قدرتی رنگ کا استعمال جن میں کیمیکل اجزاء کا اضافی نہ کیا گیا ہو، جو کہ اوپر بیان کی گئی کئی بیماریوں سے آپ کو بچا سکتا ہے۔
آپ کی سہولت کے لیے ہم نے بالوں کو رنگنے کے چند قدرتی طریقہ کار جمع کیے ہیں۔

1. مہندی
بنانے کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اشیا کی ضرورت ہو گی۔
· مہندی پاؤڈر  [آرگینک، نامیاتی۔ کیمیکل کے بغیر] 150سے 200  گرام
· لیموں کا جوس ایک سے دو کھانے کے چمچ
· کوکونٹ ملک [ناریل کا دودھ] ایک ٹِن
· ماپنے کے لیے پیمانہ
· آمیزہ کو ملانے کے لیے غیر دھاتی چمچ
· پیالہ
· پلاسٹک  ریپ  Plastic Warp  [ موجود نہ ہونے کی صورت پلاسٹک شاپنگ بیگ بھی استعمال کیا  جا سکتا ہے]
· دستانے [پولی تھین / پلاسٹک]

تیاری کے مراحل

· ناریل کے دودھ کو پیالی میں ڈال لیں۔ اب اس میں ۱۵۰ سے ۲۰۰ گرام مہندی پاؤڈر اور ایک یا دو کھانے کے چمچ لیموں کا جوس شامل کریں۔
· چمچ کی مدد سے اس آمیزہ کو ملا لیں حتیٰ کہ ایک گاڑھا آمیزہ تیار ہو جائے۔ اب پیالہ کو پلاسٹک ریپ سے ڈھانپ دیں۔
· اس آمیزہ کو کمرہ کے درجہ حرارت پر ساری رات پڑا رہنے دیں، وقت کی کمی کی صورت میں کم از کم ۴ سے ۵ گھنٹے کے لئے ضرور رکھیں، یہ عمل مہندی کے رنگ کے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

لگانے اور دھونے کا طریقہ
· سر کے بالوں کو بیچ میں سے مانگ نکالتے ہوئے دونو ں اطراف میں کر لیں
· ناخنوں اور ہاتھ کی جلد کو مہندی کے رنگ سے بچانے کےلیے دستانہ پہن لیں
· بالوں کو دو انچ کی لمبائی سے اٹھاتے ہوئے ان پر مہندی کا لیپ کرتے جائیں
· سر کے بیچ سے نیچے کی جانب مہندی لگاتے جائیں۔ ایک جانب لگا چکیں تو دوسری جانب شروع کر دیں۔
· مہندی لگا چکنے کے بعد سر کو پلاسٹ ریپ، شاور کیپ یا پھر پلاسٹک کے شاپنگ بیگ سے پانچ سے چھ گھنٹوں کے لیے ڈھانپ دیں، ممکن ہو تو رات کو اسی طرح سو جائیں اور صبح اٹھ کر سر دھوئیں۔
· سر کو تازہ پانی سے دھوئیں۔ کسی بھی قسم کا شیمپو یا صابن کم از کم چھتیس گھنٹے بالوں پر استعمال نہ کریں۔ بالوں کا رنگ شروع میں شاید آپ کو اُتنا گاڑھا نہ لگے، لیکن رفتہ رفتہ استعمال کے بعد چند ہفتوں میں آپ کو بالوں کا رنگ ویسا ہی قدرتی نظر آنے لگے گا جیسا آپ چاہتے ہیں۔
· ہمیشہ آرگینک [قدرتی] مہندی استعمال کریں، خاص کر ایسی مہندی جس میں آملہ، سکاکائی اور برہمی جیسی جڑی بوٹیاں استعمال کی گئی ہوں۔
· اگر آپ کے سر کی جلد چکنی ہے، تو کوکونٹ ملک استعمال نہ کریں، اس سے سر پر تیل کی مقدار مزید بڑھ جائے گی۔
· لیموں کے رس کی جگہ ایپل سائیڈر  ونیگر Apple cider vinegar  بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور ایک انتہائی مناسب متبادل ہے۔
· مہندی کی ہمک کو ختم کرنے کے لیے اس آمیزہ میں آپ ایک سے تین چمچ دار چینی، لونگ یا ادرک کا پاؤڈر بھی ملا سکتے ہیں۔
· مہندی کو دھونے کے بعد کم از کم دو سے تین دن کے لیے تکیہ کو کسی کپڑے سے ڈھانپ کر سوئیں۔
2. قدرتی بلیچ: گلِ بابونہ پتی، لیموں کا جوس اور دھوپ
یہ قدرتی اجزاء پر مبنی رنگ بالوں کے قدرتی رنگ کو ہلکا کرتا ہے۔ اس کا استعمال کرتے ہوئے بتائے ہوئے وقت سے زیادہ دھوپ میں ہرگز نہ بیٹھیں۔
اشیائے ضرورت:
· چمکتی ہوئی دھوپ
· ابلتا ہوا پانی دو کپ سے کچھ زیادہ
· بابونہ کی پتی Chamomile Tea کے ٹی بیگ چھ سے دس
· لیموں کا رس آدھا کپ
· کھوپرے کا تیل[پگھلا ہوا] چوتھائی کپ
سورج کی روشنی بالوں کی رنگت کو پھیکا کرتی ہے۔ آپ شاید سوچ رہے ہوں کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ آپ کی جلد تو دھوپ میں کالی ہو جاتی ہے لیکن بالوں کا رنگ پھیکا پڑ جاتا ہے، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کی جلد زندہ ہوتی ہے، اس میں خون دورہ کرتا ہے، جبکہ بالوں میں ایسا نہیں ہوتا۔

بابونہ یا گُلِ بابونہ کی پتی اپنے صحت مند اثرات کی بنا پر بہت مشہور ہے اور اس کی چائے [قہوہ] کئی مسائل کے حل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پتی اپنے ان اثرات کے ساتھ ساتھ بالوں کا رنگ ہلکا کرنے کے لیے ایک انتہائی بہترین کلر بلیچ بھی ہے۔خاص کر بالوں کو سنہری رنگ Blonde Tint  اور ہائِی لائٹس دینے کے لیے انتہائی معاون ہے، اور اپنی اسی خاصیت کی بنا پر جن لوگوں کے بال قدرتی سنہری ہوں، ان کے لیے اس پتی کا استعمال انتہائی پُر اثر ثابت ہوا ہے۔ بابونہ بالوں کی نشوونما کے لیے انتہائی پر اثر ہے اور اسی بنا پر اسے بالوں سے متعلقہ کئی مصنوعات میں شامل کیا جاتا ہے ۔
لیموں کے رس میں موجود سٹرک ایسڈ Citric Acid دھوپ کی موجودگی میں زیادہ فعال ہو جاتا ہے اور بالوں کے رنگ کو ہلکا کرنے کے عمل کو دھوپ کی موجودگی میں زیادہ تیز ہو جاتا ہے جبکہ دوسری جانب کھوپرے کا تیل لیموں کے رس میں موجود تیزابیت کے مضر اثرات سے بالوں کو بچاتے ہوئے ان کا رنگ زیادہ ہلکا ہونے سے بچاتا ہے۔
بنانے کا طریقہ
· دو کپ سے کچھ زیادہ پانی کو ابال لیں
· ایک بڑے پیالہ میں پانی انڈیل کر اس میں 6 سے 10 بابونہ کی پتی کے ٹی بیگز ڈال دیں
· اسے تقریباً دس منٹ کے لیے پڑا رہنے دیں
· اس دوران ٹی بیگز کو آہستہ اور نرمی سے ایک چمچ کی مدد سے دباتے رہیں تاکہ پتی کا اثر پانی میں بہتر طریقے سے آ سکے
· اس پانی میں آدھ کپ لیموں کا رس اور چوتھائی کپ کھوپرے کا پگھلا ہوا تیل ڈالیں اور اچھی طرح سے آمیزہ کو ہلا لیں۔
· اب اس آمیزہ کو ایک ڈھکن والی بوتل میں ڈالیں اور بند کر کے اچھی طرح سے ہلائیں۔
لگانے کا طریقہ
· پرانی ٹی شرٹ یا کوئی پرانی قمیض پہنیں، کندھوں پر ایک عدد تولیا پھیلا لیں تاکہ آمیزہ کپڑوں پر نہ گرے
· بالوں میں اس آمیزہ کا ہلکا مساج کریں
· جب آمیزہ بالوں میں اچھی طرح سے رچ جائے تو دھوپ میں دس سے پندرہ منٹ بیٹھ جائیں، یا پھر تب تک بیٹھیں جب تک کہ بال سوکھ نہ جائیں
· اس عمل کو آپ روزانہ یا ہفتہ میں دو سے تین مرتبہ دہرا سکتے ہیں تاوقتیکہ آپ کو مطلوبہ رنگ حاصل ہو جائے
· آپ اس آمیزہ کو فوری طور پر شیمپو یا صابن سے دھو سکتے ہیں اگر آپ کو جلد پر چپچپاہٹ محسوس ہو، لیکن بہتر یہ ہے کہ آپ اسے بالوں پر ساری رات لگا رہنے دیں
· آپ اس آمیزہ کو سپرے والی بوتل میں ڈال کر بھی بالوں پر استعمال کر سکتے ہیں
3. شہد اور کھوپرے کا تیل

اس کی تیاری کے لیے آپ کو آدھا کپ شہد اور آدھا کپ کھوپرے کا تیل چاہیے ہو گا۔ شہد خالص اور کسی بھی کیمیائی عمل سے پاک ،قدرتی Organic حالت میں ہونا ضروری ہے۔ شہد ، ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کا ایک قدرتی ذریعہ ہے، اور یہ اسے آہستہ آہستہ اور بہت کم مقدار میں خارج کرتا ہے، جو کہ اتنی ہوتی ہے کہ جس سے آپ کے بالوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے اور ساتھ ساتھ بالوں کی نشوونما بھی ہوتی رہے۔ دوسری جانب کھوپرے کا تیل بالوں کی افزائش کے ساتھ ساتھ شہد میں موجود ہائیڈروجن پر آکسائیڈ  کے اثر کو بڑھاتا ہے۔

لگانے کا طریقہ
· شہد اور کھوپرے کا تیل آدھا آدھا کپ آپس میں ملا لیں
· کندھوں پر تولیہ رکھ لیں تاکہ کپڑوں کا بچاؤ ہوسکے
· بالوں کو حصوں میں بانٹتے ہوئے ان پر آمیزہ لگاتے جائیں
· تیس منٹ تک اس آمیزہ کو بالوں پر لگا رہنے دیں
· بعد میں ہلکے گرم پانی سے اسے دھو دیں اور کوئی نیچرل کنڈیشنر استعمال کریں
· اس عمل کو ہفتے میں تین مرتبہ دہرائیں
· آپ بالوں پر اس آمیزہ کو لگانے کے بعد اس پر دارچینی کا پاؤڈر بھی لگا سکتے ہیں۔ دار چینی کے پاؤڈر میں بھی رنگ کی خاصیت موجود ہوتی ہے

Reviews & Comments

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.