اگر آپ بہت زیادہ کمپیوٹر کا استعمال کرتے ہیں تو اپنی آنکھوں کو صحت مند رکھنے کیلئے یہ انتہائی آسان طریقہ ضرور آزمائیں۔ اگر آپ اپنے کام کے دوران کمپیوٹر کا استعمال زیادہ کرتے ہیں تو یقیناً آپ کو آنکھوں میں تھکن اور چبھن محسوس ہوتی ہوگی۔
آئیے آپ کو اس سے نجات کے لئے انتہائی آسان طریقہ بتاتے ہیں۔ اس طریقے کو 20-20-20 کا اصول کہتے ہیں جس میں آپ کو 20 منٹ بعد اپنے کمپیوٹر سے نظریں ہٹانی ہیں اور 20 فٹ دور کوئی چیز 20 سیکنڈ تک دیکھنی ہے۔
آپ کو یہ بات یاد رکھنی ہوگی کہ آپ کے مانیٹر کی روشنی کمرے میں موجود روشنی سے بہت زیادہ تیز یا کم نہ ہو۔
کمپیوٹر اسکرین کے سامنے زیادہ دیر تک بیٹھنے سے آنکھوں میں جلن اور دماغی تھکن پیدا ہو جاتی ہے ۔ماہرین کے مطابق اس دوران آنکھوں کو رگڑنا بینائی کے لیے ٹھیک نہیں ہوتا کیونکہ آنکھوں کی تھکن دور کرنے اور انہیں تازہ دم کرنے کے لئے چند آسان اور مؤثر مشقیں ہیں جن پر عمل کرنے سے نہ صرف بینائی کی حفاظت کی جا سکتی ہے بلکہ اس طرح فوری طور پر ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے۔
اپنے دونوں ہاتھوں کو اچھی طرح 10 سے 15 منٹ تک باہم رگڑیں یہاں تک کہ ان میں گرمائش پیدا ہوجائے اب
1:انہیں دونوں آنکھوں کے اوپر ڈھانپ لیں خیال رہے کہ وہ آنکھوں کے ڈیلے یعنی آنکھ کی اندرونی شفاف تہہ پر نہ لگے، کچھ دیر بعد ہاتھ ہٹالیں، اس طرح آنکھوں کو فوری طور پر راحت محسوس ہوگی۔
ہر تین سے چار سیکنڈ بعد پلکوں کو جھپکانے سے آنکھوں کی تھکان دور اور اعصابی سکون بھی حاصل ہوتا ہے جب ہم کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے ہوتے ہیں تو ہماری نظریں مسلسل اسکرین پر مرکوز ہوتی ہیں اور اس دوران ہم پلکیں کم ہی جھپکاتے ہیں اس لیے ہر چند سیکنڈ بعد پلکیں جھپکانا ضروری ہے تاکہ آنکھوں کو وقتی آرام مل سکے-
خود سے 6 سے 10میٹر دور تک کسی شے کو منتخب کریں اور اپنی نگاہیں آہستہ آہستہ اس پر مرکوز کریں اور اس دوران اپنے سر کو حرکت نہ دیں۔ اس مشق کو بار بار دہرانے سے آنکھوں کو سکون کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر بھی تازگی حاصل ہوتی ہے جب کہ عمل بینائی کی حفاظت کے لیے بھی بہترین ہے۔
اپنی آنکھوں کو بائیں سے دائیں گھماتے ہوئے بڑے سے بڑا دائرہ بنانے کی کوشش کریں اس مشق کو کم از کم 4 مرتبہ دہرائیں اور پھر آنکھوں کو کچھ دیر کے لیے بند کرلیں اس دوران ایک گہری سانس لیں اور پر سکون ہو جائیں ۔
کام کے دوران تھکن محسوس کریں تو کچھ دیر کے لیے دونوں ہتھیلییوں سے آنکھوں کو اس قدر ڈھانپ لیں کہ گھپ اندھیرا ہوجائے۔ چند لمحوں کے لیے اس گھپ اندھیرے میں غور سے دیکھیں اس سے آنکھوں کے پٹھوں اور اعصاب کو بھی راحت ملے گی۔