ملازمت پیشہ افراد بڑھتے ہوۓ وزن پہ قابو کیسے پائیں؟

کیا آپ اپنے بڑھتے ہوئے وزن سے پریشان ہیں اور ورزش کے لیے وقت نہیں نکال پاتے؟ نوکری پیشہ زندگی ہمیشہ سے ہی تھکا دینے والی اور آزمائشوں سے بھرپور ہوتی ہے- اگر بات کریں ٹیبل پر بیٹھ کے کرنے والی نوکری کی تو گھنٹوں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کام کرنا معمول ہوتا ہے- ایسے معمولات آپ کی صحت کے لیے تشویشناک ہوسکتے ہیں- آفس میں کم سے کم یا نہ ہونے کے برابر چہل پہل کے باعث ملازمین کو کئی طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جیسے کہ موٹاپا٬ دل کی بیماری٬ کولیسٹرول کا اتار چڑھاؤ اور نقاہت وغیرہ- ملازمین نوکری میں محو ہو کر اپنی صحت کو اکثر نظر انداز کرتے ہیں- خوش قسمتی سے ایسے کئی طریقے موجود ہیں جن کی اپنا کر آپ اپنے بڑھتے ہوئے وزن کو کنٹرول کرسکتے ہیں اور آپ کا کام بھی متاثر نہیں ہوتا-


لفٹ کے بجائے سیڑھیوں کا انتخاب:
صبح دفاتر جلدی پہنچیں اور لفٹ کی جگہ سیڑھیوں کا انتخاب کر کے دفتر جائیں- مثال کے طور پر اگر آپ کا دفتر دسویں منزل پر ہے تو سیڑھیوں کے ذریعے اوپر جانے میں آپ اچھی خاصی ورزش کر سکتے ہیں- اس کے علاوہ آخری سیڑھی کا استعمال کر کے تھوڑی ورزش کر سکتے ہیں- آخری والی سیڑھی پر ایک قدم اوپر اور ایک قدم پیچھے کریں- اس عمل کو ایک سے دو مرتبہ دہرائیں- ہاتھ کا سہارا لے کر آپ باآسانی ورزش کرسکتے ہیں- یہ عمل آپ روزانہ صبح 60 سیکنڈ تک کر سکتے ہیں- اس سے شرطیہ آپ بہترین محسوس کریں گے-


کھڑے ہو کر کام کرنے کے مواقع ڈھونڈیں:
ماہرین کے مطابق آپ بیٹھنے کی نسبت کھڑے ہو کر کام کرنے سے زیادہ بہتر انداز میں وزن گھٹا سکتے ہیں- چاہے آپ فون پر بات کر رہے ہوں٬ ضروری نوٹس بنا رہے ہوں یا کاروباری معاملات پر اظہارِ خیال کر رہے ہوں یہ سارے کام کھڑے ہو کر کرنے کی کوشش کریں-


چلتے پھرتے کام کریں:
کرسی سے جُڑ کے گھنٹوں بیٹھا رہنے سے آپ کے پٹھے سخت ہوجاتے ہیں- اپنی مصروف روٹین میں سے 5 منٹ نکال کر دفتر کے کوریڈور میں چہل قدمی کی جاسکتی ہے- اگر آپ اپنے باس سے کوئی کاروباری مسئلہ یا کام کے سلسلے میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں تو یہ کام چلتے پھرتے باآسانی کیا جاسکتا ہے- اس عمل سے وزن گھٹانے میں مدد مل سکتی ہے اور آپ کے کام کا حرج بھی نہیں ہوتا- چہل قدمی سے آپ مکمل طور پر توانا ہوجاتے ہیں-


جسمانی سرگرمیوں کے لیے وقفہ ضرور لیں:
اپنے آفس کولیگ کے ساتھ سموسہ چائے انجوائے کرنے سے بہتر ہے کہ تھوڑی چہل قدمی کرلیجیے یا اپنے ہاتھوں پیروں کی تھوڑی سے ورزش کرلیں- کام کے دوران ایسے مختصر وقفے سے آپ کو ذہنی سکون میسر آتا ہے اور جسم متوازن ہوتا ہے- 15 سے 30 سیکنڈ تک اپنے بازوں اور ٹانگوں کی ورزش کی جاسکتی ہے- آپ جم نہیں جاسکتے تو کیا ہوا آپ اپنی کرسی پر بیٹھے بیٹھے ہلکی پھلکی ورزش کرسکتے ہیں- آپ اپنے پیٹ کے پٹھوں کو سخت انداز میں ہولڈ کر کے اپنی ٹانگ کو پشت کی سیدھ میں سیدھا کریں- یہ عمل دونوں ٹانگوں پر کریں اور اپنی ٹانگ کو 5 سے 10 سیکنڈ کے لیے ہولڈ کریں- بےشک ایسے عمل سے اپنے وزن میں کمی ضرور واقع ہوسکتی ہے-


کالی یا سبز چائے کا استعمال:
ریسرچ سے ثابت ہوا کہ بغیر چینی والی کالی چائے یا سبز چائے کا باقاعدہ استعمال وزن میں کمی کا باعث بن سکتا ہے- چائے میں موجود کیفین ایک ایسا جز ہے جس سے آپ کے جسم میں میٹابولک تبدیلیاں آسکتی ہیں جس سے اضافی وزن گھٹانے میں مدد مل سکتی ہے- چائے کا استعمال کھانے سے پہلے اور بعد میں انتہائی مفید ثابت ہوسکا ہے- سبز چائے میں وزن گھٹانے کی صلاحی موجود ہے- لہٰذا دفتری اوقات میں اس کا استعمال ضرور کریں-


لنچ بریک میں جسمانی سرگرمیاں ضروری ہیں:
عموماً ہر دفتر میں لنچ بریک ایک گھنٹے کا ہوتا ہے- اس وقفے کے دوران کام بند کر کے یا تو چہل قدمی کریں یا نزدیکی جم میں ایروبک ورزش کریں- تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ 30 منٹ کی تیز رفتاری سے کی گئی چہل قدمی سے 175 کیلوریز تک وزن گھٹا سکتے ہیں- اگر آپ کو اکیلے چہل قدمی کرنے میں بوریت ہو تو اپنے آفس کولیگ کو اپنے ساتھ شامل کریں- باتیں کرتے کرتے چہل قدمی کرنا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے-


ناشتہ ضرور کریں:
American Dietetic Association میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ناشتہ نہ کرنے کا وزن بڑھنے سے گہرا تعلق ہے- تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جب آپ آفس کے لیے تاخیر کا شکار ہورہے ہوں اور ناشتہ نہ کریں تو دن کے اختتام تک زیادہ کھانا کھانے کا باعث بن سکتا ہے- ایک اور تحقیق کے مطابق ناشتہ چھوڑنا بڑھے ہوئے body mass index سے بھی منسوب کیا جاتا ہے- لہٰذا صبح جلدی اٹھیں اور دفتر جانے سے پہلے ناشتہ کرنے کو یقینی بنائیں-


پانی زیادہ پئیں:
کولڈ ڈرنک کو اپنی زندگی سے باہر نکالیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں- بیشتر تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ روزانہ 8 گلاس پانی پینے سے 100 سے زائد اضافی کیلوریز گھٹانے میں مدد ملتی ہے- ہمیشہ اپنی آفس ٹیبل پر پانی کی بوتل رکھیں اور پورا دن تھوڑا تھوڑا کر کے پانی پیتے رہیں- ایسا کرنے سے آپ پورا دن ترو تازہ رہیں گے-


کھانا گھر سے لائیں:
برگر٬ فرنچ فرائز اور پیزا کو کہیں بائے بائے اور تازہ صحت بخش کھانا گھر سے لائیں- مثلاً کوئی بھی تازہ پھل٬ سبزی یا فروٹ سلاد یا ہلکے پھلکے سینڈوچز شامل کریں- یہ غذائیت سے بھرے کھانے آپ کو بھرپور توانائی فراہم کرتے ہیں اور وزن کنٹرول میں رکھتے ہیں-


کچھ بھی ناممکن نہیں اگر آپ وزن گھٹانے کے لیے پرامید ہیں تو آپ کی نوکری اس مقصد کے بیچ حائل نہیں ہوسکتی اگر آپ صحت بخش طرزِ زندگی اپنا لیں تو- تو کس بات کا انتظار ہے-

Reviews & Comments

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.