مفید گھریلو نسخے٬ چند بیماریوں سے نجات آسان

سائنس نے بیشتر ایسے گھریلو نسخوں کی افادیت کو اب تسلیم کرلیا ہے جن پر پہلے اعتبار کرنا مشکل ہوتا تھا۔ درحقیقت یہ فائدہ مند گھریلو نسخے گھر میں درپیش متعدد چھوٹی مگر انتہائی اہم بیماریوں سے نجات حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بنتے ہیں-یہاں ہم ڈان کے توسط سے ایسے ہی چند گھریلو ٹرکس کا ذکر کر رہے ہیں جو درد سے نجات، سردرد میں کمی، نزلے سے راحت یا آپ کی مسکراہٹ کو روشن کرسکتی ہیں۔

پانی کے غرارے اور سانس کی بالائی نالی کا انفیکشن:
گلے میں خرابی محسوس ہورہی ہے تو سادہ پانی سے غراروں کو آزما کر دیکھیں۔ ایک طبی تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ سادہ پانی سے غرارے کرتے ہیں ان میں سانس کی بالائی نالی میں انفیکشن کا خطرہ کم ہوتا ہے اور یہ وہ انفیکشن ہے جو نزلہ زکام اور فلو کا باعث بنتا ہے۔ محققین کے مطابق یہ لوگوں کو نزلہ زکام سے تحفظ دینے کا موثر طریقہ ہے۔

متلی سے بچاﺅ کے لیے ادرک:
اگر آپ ہیضے یا پیٹ خراب ہونے کے بعد متلی یا دل مالش کی کیفیت میں مبتلا ہیں تو ادرک کو آزما کر دیکھیں۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ متلی ہونے پر صرف ایک گرام ادرک بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ اس سے ہٹ کر بھی ادرگ پیٹ میں گیس اور کھانا ہضم نہ ہونے کے حوالے سے بھی فائدہ مند ہے۔

چکن سوپ ، نزلہ زکام کے لیے:
ایک نئی تحقیق کے مطابق چکن سوپ کے استعمال سے خون کے سفید خلیات کے اس حصے کی سرگرمیوں کو سست کردیتا ہے جو شدید انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔ باالفاظ دیگر سوپ متعدد نزلہ زکام کا باعث بننے والی چیزوں کی روک تھام کرتا ہے۔

سیب اور گاجریں سفید دانتوں کے لیے:
سیب اور گاجریں نہ صرف جسم کے لیے اچھی ہوتی ہیں بلکہ یہ دونوں آپ کے دانتوں کو بھی جگمگاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق جب سیب اور گاجر کو دانتوں سے توڑ کر چبایا جاتا ہے تو یہ دانتوں کی سطح پر موجود داغوں کو ہٹانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ سیب اور اسٹرابری میں مالیس ایسڈ بھی ہوتا ہے جو دانتوں کی سطح کو سفید رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

کھانسی کے لیے شہد کا استعمال:
کھانسی سے بچاﺅ کے شربت کا ذائقہ پسند نہیں ؟ تو عالمی ادارہ صحت نے شہد کو بھی بچوں کی کھانسی کی ادویات میں شامل کر رکھا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق کھانسی کے شکار بچوں کو اگر سونے سے قبل دس گرام شہد پلایا جائے تو کھانسی کی شکایت میں کمی آتی ہے اور نیند بھی خراب نہیں ہوتی۔

برف سر درد سے بچائے:
برف کی ڈلی سے سر یا گردن کے پچھلے حصے پر مساج کیا جائے تو اس سے آدھے سر کے درد کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ برف کا سرد احساس آپ کے ذہن سے تناﺅ کو بھی نکال باہر کرتا ہے۔ مائیگرین کے شکار افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں جب اس طریقے کو آزمایا گیا تو آدھے گھنٹے میں ان کے درد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

سخت دانوں یا مسے کے لیے ڈکٹ ٹیپ:
سخت دانے یا مسے جلد پر نقصان دہ تو نہیں ہوتے مگر یہ ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ضرور ہوسکتے ہیں مگر اچھی خبر یہ ہے کہ ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ان دانوں کو ڈکٹ ٹیپ سے کور کرلینے سے انہیں ختم کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اس کو آزمانے سے قبل متاثرہ حصے کو اچھی طرح صاف کریں، ٹیپ کا ایک ٹکڑا لیں اور پھر اسے متاثرہ جگہ کی جلد پر لپیٹ دیں۔ ہر چند دن بعد ٹیپ کو اس وقت تک بدلتے رہیں جب تک وہ دانے یا مسے غائب نہیں ہوجاتے۔

Reviews & Comments

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.